سکھر(نیوز ڈیسک) سکھر میں مسافر وین الٹ گئی، ٹریفک حادثے میں11 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں7 بچے اور3 خواتین بھی شامل ہیں، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ پولیس کے مطابق سکھر میں قومی شاہراہ پر سانگی کے قریب مسافر وین ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 7 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مسافر وین رحیم یارخان سے کراچی جا رہی تھی، کہ قومی شاہراہ سانگی کے قریب تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔
جاں بحق افراد کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے سپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب سندھ پولیس ایکسیڈنٹس انالیسز اینڈ ریسرچ سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق 2018ء میں کراچی میں مختلف حادثات میں 400 سے زائد اموات ہوئیں۔ جبکہ 2019 میں 350 سے زائد اموات ہوئیں اسی طرح رواں سال 2020ء میں اب تک 280 افراد مختلف حادثات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے کراچی میں ٹریفک حادثات اور ان میں ہلاکتوں کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ ایک محتاط اندازے کے تحت گزشتہ3 سالوں میں ایک ہزار سے زائد اموات اور 10 ہزار کے لگ بھگ افراد زخمی ہوئے تھے۔