Monday January 20, 2025

پاکستان اسٹیل مل نے 4 ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کردیا برطرف کیے گئے ملازمین میں گروپ 2،3،4 کے ملازمین شامل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اسٹیل مل نے 4 ہزار 544 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان اسٹیل مل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسٹیل نے گروپ 2،3،4 اور جوز کے ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فارغ ہونے والے ملازمین کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں ۔ تمام افراد کو بذریعہ ڈاک برطرفی کے نوٹسز بھجوائے جائیں گے ۔ ترجمان پاکستان اسٹیل مل کا کہنا تھا کہ گروپس میں ٹیچرز، ڈرائیورز، کچن اسٹاف، منیجرز سمیت مختلف شعبوں کے افراد شامل ہیں ۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کو 24.42 ارب روپے کی ادائیگی کی تھی۔ وزارت صنعت و پیداوار اعلامیہ کے مطابق اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کے دیرینہ مسائل حل کرتے ہوئے 24.42 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بوڑھے اور ریٹائرڈ ملازمین کی ادائیگی 2013ء سے واجب الادا تھی، ریٹائرڈ ملازمین نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کا خصوصی طور پر شکریہ کا اظہار کیا تھا ۔ اس رپورٹ کے مطابق منظور کردہ 24.42 ارب روپے 7,594 ریٹائرڈ ملازمین کو ادا کیے جانا تھے۔ اعلامیہ کے مطابق فی کس اوسطاً ہر ریٹائرڈ ملازم کو تقریباً 32 لاکھ 20 ہزار روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔ قبل ازیں وفاقی حکومت جنوری 2019ء میں انتقال کرجانے والے ملازمین کے خاندانوں کو 1.26ارب روپے ادا کرچکی ہے۔ وفاقی حکومت کی حتی الامکان کوشش ہے کہ جلداز جلد پاکستان اسٹیل مل، جو کہ 2015ء سے بند ہے ، کے ملازمین کے مسائل کو حل کیا جائے اور اسٹیل مل کو قومی اثاثے کے طورپربہترین طریقے سے استعمال میں لایا جائے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اسٹیل مل کے بوڑھے اور ریٹائرڈ ملازمین کی ادائیگی 2013ء سے واجب الادا ہے۔

FOLLOW US