Monday January 20, 2025

وہاڑی۔۔نوسربازوں نے لڑکی کی تصویر دکھا کر نوجوان کی شادی 60 سالہ خاتون سے کروادی

وہاڑی (ویب ڈیسک) شادی بیاہ کے معاملات میں نوجوان نسل بالخصوص نوجوان کافی محتاط ہوتے ہیں۔ خود کچھ بھی کرتے ہوں ان کی پہلی خواہش کم عمر ، دُبلی پتلی اور خوبصورت دکھنے والی ایک لڑکی ہوتی ہے جسے وہ اپنا جیون ساتھی بنانے کے لیے فوری طور پر راضی ہو جاتے ہیں۔ اور تو اور لڑکے والے بھی چاند سی بہو کی ہی خواہش رکھتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ وہاڑی میں بھی ہوا جہاں ایک 22 سالہ نوجوان کو 20 سالہ لڑکی کی فوٹو دکھا کر شادی پر راضی تو کر لیا گیا لیکن شادی 60 سالہ بیوہ خاتون سے کروا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وہاڑی کے علاقہ میں نوسر باز وں نے ایک نوجوان کو 20 سالہ لڑکی کا رشتہ دکھا کر شادی والے دن اس کے ساتھ دھوکہ کر دیا اور 60 سالہ بیوہ خاتون سے اس کی شادی کروادی۔ وہاڑی کے رہائشی 22 سالہ شاہد کے اہل خانہ کومنگنی کے وقت 20 سالہ لڑکی دکھائی گئی تھی جسے ہم نے خود اپنے جواں سال بیٹے کے لیے پسند کیا تھا تاہم رخصتی 60 سال کی بیوہ خاتون کے ساتھ کی گئی۔ دولہے والوں پر بھی دلہن کی عمر کا انکشاف دلہن کو گھر لانے پر ہوا۔ دولہے کے والد نے کہا کہ ہم نے رشتہ کروانے والے کو 70 ہزار روپے دیے تھے جب کہ نکاح کے وقت حق مہربھی ادا کیا گیا تھا۔ لیکن جب ہم رخصتی کروا کر گھر آئے تو ہم پر دلہن کی اصل عمر کا انکشاف ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کی عمر 60 سال ہے ، جس سے دھوکے سے ہمارے جواں سالہ بیٹے کی شادی کروادی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشتہ کروانے والا گروہ پیسے لے کر فرار ہوگیا۔ نوسربازوں کے ہاتھوں دھوکہ کھانے کے بعد دولہے کے والد نے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئیے جو نوجوان نسل کے جذبات کے ساتھ کھیلتے اور ان کے ساتھ دھوکہ دہی کرتے ہیں۔

FOLLOW US