گلگت (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ کے دوران کئی گاڑیاں نذر آتش کی گئیں ، اس دوران حکومت کے ایک وزیر کی گاڑی کو بھی آگ لگائی گئی، جس کے ساتھ قومی پرچم لگا ہوا تھا۔ اس موقع پر ایک نوجوان نے آگ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے گاڑی کے ساتھ لگے قومی پرچم کو بچایا۔ قومی پرچم کو بچانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نوجوان کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا گیا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے اس نوجوان کی بہادری اور قومی پرچم سے محبت کے لیے انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
علی امین گنڈاپور کی جانب سے اس بہادر بچے کو 50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان نے جی بی اے 2 گلگت 2 کے انتخابی نتائج میں دھاندلی پر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، ریورویو روڈ سمیت مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں، مظاہرین نے ایک سرکاری دفتر اور چار سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس پر حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی تھی، مظاہرین نے الیکشن کمشنر کے دفتر کا گھیراؤ بھی کیا۔ انتخابی نتائج میں دھاندلی کیخلاف دیامر میں پیپلزپارٹی کے کارکنان نے احتجاج کیا ۔مظاہرین نے صدیق اکبر چوک میں ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی ۔سکردو میں دھاندلی کیخلاف پیپلزپارٹی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور سڑکیں بلاک کردیں۔ ڈی آئی جی گلگت ریجن وقاص احمد نے کہا تھا کہ حالات کنٹرول میں ہیں ، دوبارہ خراب ہوئے تو کرفیو لگایا جاسکتا ہے، شرپسندی میں 20سے 25افراد ملوث ہیں، سی سی ٹی وی کی مدد سے کچھ لوگوں کو شناخت کرلیا ہے۔