Sunday January 26, 2025

سخت لاک ڈاؤن کے خواہشمندپہلے مجھ پر تنقید کرتے تھے اب غیر ذمہ دارانہ سیاست کرکے عوام کی سیفٹی سے کھیل رہے ہیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اپوزیشن جماعتوں کے جلسے جلوسوں پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم ارکان غیر ذمہ دارانہ سیاست کرکےعوام کی سیفٹی سےکھیل رہےہیں۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سخت لاک ڈاؤن کے خواہشمند پی ڈی ایم ارکان غیر ذمہ دارانہ سیاست کررہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ارکان عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر تے ہوئے جلسہ کر رہے ہیں ۔جلسہ ایسے وقت کیاجا رہا ہے جب کورونا کیس ڈرامائی طور پر بڑھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کر رہی ہے۔ کورونا وائرس سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 42 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 603 ہوگئی۔پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 13 ہزار 457، سندھ میں ایک لاکھ 61 ہزار 28، خیبر پختونخوا میں 43 ہزار 730، بلوچستان میں 16 ہزار 699، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 506، اسلام آباد میں 26 ہزار 177 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 911 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 2 ہزار 826، سندھ میں 2 ہزار 799، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 323، اسلام آباد میں 270، بلوچستان میں 158، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 134 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایک طرف جہاں ملک بھر میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے وہیں دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں جلسے کررہی ہیں جس سے کورونا کے مزید پھیلاؤ کا بھی خدشہ ہے۔

FOLLOW US