Tuesday January 21, 2025

سی پیک منصوبہ کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو پاکستان کے ساتھ مل کر ناکام بنائیں گے، چین کا دوٹوک پیغام

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چین کی وزارت خارجہ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین دہشتگردوں کے خلاف پاکستان کی معاونت کرتا رہے گا، سی پیک منصوبہ کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مل کر ناکام بنائیں گے۔چین کے اس بیان پر جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک منصوبہ کی حفاظت کرے گا، پاکستان امن اور اس خطے کے استحکام کے لئے کوشاں ہے،

بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان ریاستی دہشتگردی کے ذریعے پاکستان اور سی پیک کے پراجیکٹس کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت نے 80 ارب روپے کے لگ بھگ رقم مختص کی ہے، جس کا مقصد سی پیک پراجیکٹس کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہر صورت سی پیک منصوبے کی حفاظت کا عزم کر رکھا ہے، پاکستان اور چین مل کر اس منصوبے کی حفاظت کریں گے اور اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پورے خطہ کے لئے فائدہ مند ہے، ان فلیگ شپ پراجیکٹس کے ساتھ ہمارا مستقبل جڑا ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ چین بھارتی سازش سے اچھی طرح واقف ہے، اب چین کی طرف سے بھی بیان آ گیا ہے کہ وہ اس منصوبے کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پر چین کی بہت بڑی سرمایہ کاری ہے اور اس کے انجینئرز و عملہ یہاں کام کر رہے ہیں، اگر ان پراجیکٹس کو کسی طور بھی نشانہ بنایا جاتاہے تو چین اور پاکستان کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کے آئندہ اجلاس میں بھی اس معاملہ کو اٹھایا جائے گا، ہم دنیا کو باور کرائیں گے کہ بھارت کتنا خطرناک کھیل کھیلنے جا رہا ہے۔

FOLLOW US