لاہور(نیوز ڈیسک) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی میت کو کل ( ہفتہ ) کو سبزہ زار گرائونڈ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے مینار پاکستان لایا جائے گا۔ پولیس کے مطابق خادم حسین رضوی کی میت کو ان کے گھر سے ایمبولینس میں سبزہ زار کرکٹ گرانڈ لایا جائے گا جہاں سے سرکاری ہیلی کاپٹر میں مینار پاکستان گرائونڈ میں لے جایا جائے گا۔ پولیس نے نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے۔ گریٹر اقبال پارک کے پانچوں گیٹ پر بھاری نفری تعینات کی جائے گی، امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے 50 ریزرویں تعینات کی جائیں گی۔ نماز جنازہ کے موقع پر ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے علاوہ اینٹی رائٹ فورس اور سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔