Saturday November 30, 2024

مہنگی ترین شادی، ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل نے وزیراعظم سے کارروائی کا مطالبہ کردیا

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور میں پاکستان کی مہنگی ترین شادی کیخلاف کارروائی کیخلاف وزیراعظم کو خط لکھ دیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے لاہور میں مہنگی ترین شادی کی تقریب میں اربوں روپے خرچ کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے ۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کی ہے ۔ شادی کی تقریب میں ملک و بیرون ملک سے فنکاروں کو پرفارمنس کے لئے بلایاگیا، چار روزہ تقریب پر دو ارب روپے سے زائد خرچ کرنے کی اطلاعات ملی ہیں ۔

انتہائی مہنگی شادی کی تقریب قواعد کی خلاف ورزی ہے ، وزیراعلیٰ اور پنجاب پولیس ذمہ داران کیخلاف کاروائی کے پابند تھے لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ وزیراعظم اس حوالے سے کارروائی کا حکم دیں ۔ دولت کی نمود و نمائش ہمارا معاشرہ اور معیشت برداشت نہیں کرسکتی ہے۔ اس سے پیسے کے ضیاع کو فروغ ملے گا ۔ بزنس مین شیخ محمد اقبال کی بیٹی کی شادی کے لیے نجی کنٹری کلب کو بک کیا گیا ۔ نجی کنٹری کلب کو 120 روز کے لیے 15 کروڑ روپے میں بک کیا گیا تھا، ایف بی آر کی جانب سے تقریب ولیمہ کے لیے نجی ہوٹل کو کی گئی ادائیگیوں کی تحقیقات جاری ہیں ۔ تقریب ولیمہ میں دو گلوکاروں کو 1 کروڑ 15 لاکھ روپے کی ادائیگی کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ تقریب میں مولانا کو نکاح کے لیے دیے گئے 10 لاکھ روپے کی ادائیگی کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق ایونٹ منیجمنٹ کمپنی کو بھی تقریباََ 2 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے جبکہ بارات ڈیکوریشن کے لیے ڈیڑھ سے 2 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ۔ شادی میں آتش بازی کے لیے ایک کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ۔ فوٹو گرافی اور اسٹوڈیو کے لیے 50 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی ، جبکہ ایک اور کمپنی کو ویڈیو گرافی کے لیے 45 لاکھ روپے ادا کیے گئے ہیں۔ جبکہ ایف بی آر کی جانب سے ادائیگیوں کی تصدیق کے لیے تحقیقات جاری ہیں ۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی شادی کی تقریب کے کچھ روز سے خوب چرچے ہو رہے تھے۔ اس شادی کی تقریب کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے مہنگی ترین شادی کی تقریب تھی۔ شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایف بی آر نے نوٹس لیتے ہوئے بزنس مین سے شادی میں ہونے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کی تھیں ۔

FOLLOW US