کابل (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے دورہ افغانستان کے موقع پر کابل میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ افغان خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورے کی وجہ سے افغان دارالحکومت میں پاکستانی جھنڈے بھی لہرا دیے گئے ہیں جب کہ شہر میں عام تعطیل کا مقصد شہر میں ٹریفک جام اور فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے بچنے کے لیے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ افغان حکومت کی طرف سے اس دورے کو انتہائی اہمیت دی جارہی ہے جس کی دعوت افغانستان کے صدر اشرف غنی کی طرف سے رواں برس 25 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہونے والی ایک ٹیلی فونک گفتگو میں دی گئی تھی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا وباء کے پھیلاو کے بعد عمران خان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا، وزیراعظم افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر 19 نومبر کو کابل کا دورہ کریں گے، منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا افغانستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر انیس نومبردوہزار بیس کو کابل کا دورہ کریں گے،منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ افغانستان کا پہلا دورہ ہے،وزیراعظم کے ہمراہ دورہ کرنے والے وفد میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی،مشیر تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داواور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے دورہ کے پروگرام میں صدر اشرف غنی سے بالمشافہ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پرمذاکرات اور میڈیا سے مشترکہ بات چیت شامل ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، افغان امن عمل، خطے میں معاشی ترقی اور اسے جوڑنے پر توجہ مرکوز رہے گی۔ وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعلی سطحی رابطوں کے مستقل سلسلے کا حصہ ہے۔