Monday January 27, 2025

بھارت بدمعاش ریاست کا روپ دھارنے جا رہا ہے پاکستان نے دہشتگردی کے شواہد دنیا کے سامنے پیش کردیے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کی طرف سے بھارت کی دہشت گردی کے شواہد دنیا کے سامنے پیش کردیے گئے ، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردوں کی تربیت اور انہیں اسلحہ فراہم کررہا ہے ، بھارت کی اشتعال انگیزی سے متعلق شواہد موجود ہیں ، بھارت دہشت گرد تنظیموں کا کنسورشیم بنا رہا ہے ، بھارتی خفیہ ایجنسی داعش پاکستان بنانے کی سازش کررہی ہے ، بھارت کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کررہا ہے ، بھارتی کرنل راجیش افغانستان میں بھارتی سفارتخانے سے پاکستان مخالف سرگرمیاں کررہا ہے ، بھارتی سفارتخانے اور قونصل خانے پاکستان مخالف سرگرمیوں کا گڑھ بن چکے ہیں ، افغان سفارتخانے میں بھارتی کرنل راجیش نے 4 بار دہشت گردوں سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بھارت نےحال ہی میں 30داعش دہشتگردوں کو پاکستان اورارد گرد منتقل کیا، بھارت کالعدم تنظیموں میں اربوں روپے تقسیم کررہا ہے ، را کی طرف سے ٹی ٹی پی کی معاونت کے ثبوت بھی موجود ہیں ، را نے قبائلی علاقوں میں بدامنی کیلئے آئی ای ڈیز اور اسلحہ تقسیم کیا ، دہشت گردوں کی تربیت کیلئے افغانستان میں 66اورایک کیمپ بھارت میں قائم ہے ، بھارت نے کندھار میں دہشت گردوں کے کیمپ کیلئے30ملین ڈالرز لگائے ، اجمل پہاڑی نے چیف جسٹس کے سامنے تسلیم کیا کہ بھارت نے 4کیمپ قائم کیے ہیں ، پی سی گوادر پر حملے کیلئے بھارت نے 0.5ملین ڈالر فنڈنگ کی ، دہشت گرد اسلم اچھو بھارتی اسپتال میں زیرعلاج رہا ، بھارتی خفیہ ایجنسی اپنے فرنٹ مین کودیگرممالک میں فنڈنگ کررہی ہے ، بلوچستان میں سی پیک کونقصان پہنچانےکیلیےبھارت نےخصوصی ملیشیابنائی ، ڈاکٹر اللہ نذر کے را کے ساتھ رابطوں کی آڈیو موجود ہے ۔

اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ، اطلاعات ہیں کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے ، بڑے شہروں میں کارروائیاں دشمن کا ہدف ہے ، مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارت سی پیک منصوبوں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے ، بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرتا ہے لیکن بھارت کا فاشسٹ چہرہ دنیا پر عیاں ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت بدمعاش ریاست کا روپ دھارنے جا رہا ہے ، اس لیے مزید خاموش رہنا پاکستان اور خطے کے امن کے مفاد میں نہیں ہے کیوں کہ پاکستان کی دہشت گردی کےخلاف نمایاں کامیابیوں کو بھارت ہضم نہیں کرپارہا، پاکستان امن حاصل کرنے کی کوشش کررہا تھا بھارت پاکستان کے گرد دہشت گردی کا جال بن رہا تھا جس کے لیے بھارت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہا تھا، جس کے ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں جو دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں ، ہمارے پاس مزید تفصیلات بھی ہیں جو بوقت ضرورت سامنے لائی جاسکتی ہیں ، کیوں کہ پاکستان میں دہشت گردی کو پھر سے ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے ، حالیہ دہشت گرد حملے بھارت کے گرینڈ منصوبے کی عکاسی کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ٹی ٹی پی اوربی ایل اے کو شکست دی لیکن آج ان کالعدم تنظیموں میں پھر روح پھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے ، دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان میں کارروائیوں کیلئے اکسایا جارہا ہے ، دہشت گرد تنظیموں سے علما اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کو کہا جارہا ہے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان نے بہت بڑی قیمت ادا کی، پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں 32ہزار شہادتیں اور83ہزارشہری زخمی ہوئے دہشت گرد ی سےپاکستان کو 126ارب ڈالرز سے زیادہ معاشی نقصان پہنچا۔

FOLLOW US