Monday January 27, 2025

تحریک انصاف پر گندم کے بدلے گلگت میں ووٹ خریدنے کا الزام چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے گلگت میں گندم کی فراہمی روک دی

گلگت (ویب ڈیسک) گلگت میں پیپلز پارٹی کی جانب سے تحریک انصاف پر الزام لگایا کہ حکومت گندم کے بدلے ووٹ خرید رہی ہے، جس کے بعد علاقے میں گندم کی فراہمی روک دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر گلگت بلتستان کو شکایت درج کروائی گئی تھی کہ تحریک انصاف گندم کے بدلے ووٹ خرید رہی ہے، اور گلگت کو ملنے والی گندم کو وزیراعظم کے نام سے تقسیم کیا جا رہا ہے جو کہ مبینہ طور پر دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور اراکین کی جانب سے مسلسل درخواستوں کے بعد چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے گلگت میں گندم کی فراہمی روک دی ہے ،

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم کے نام پر گندم تقسیم کرنے کی شکایت سامنے آتے ہی گندم کی تقسیم پر پابندی لگا دی تھی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے رہنما آفتاب حیدر نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ جن علاقوں میں تحریک انصاف کی پوزیشن کمزور ہے، وہاں گندم بانٹی جارہی ہے، اور ان کے بینرز پر واضح الفاظ میں وزیراعظم کا نام لکھا ہوا ہے، اس موقع پر ان کی جانب سے تصاویر بھی پیش کی گئیںجس کے بعد چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے گندم کی تقسیم رکوا دی ہے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کو وفاقی حکومت کی جانب سے تقریباً نصف قیمت پر گندم فراہم کی جاتی ہے، حالیہ گندم بحران کے باعث ملک کے دیگر علاقوں کی طرح گلگت میں بھی گندم کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کے باعث سستی گندم کی قلت پڑگئی ہے۔ اب الیکشن کمیشن کی جانب سے پابندی لگائے جانے کے بعد گلگت میں گندم کی مزید قلت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

FOLLOW US