کراچی (ویب ڈیسک) چیف جسٹس کا عوام میں عدلیہ مخالف بیانات پر برہمی کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی جانب سے عوام میں عدلیہ مخالف بیانات دیے جانے پر سخت ردعمل دیا گیا ہے۔ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عوام میں عدلیہ کے حوالے سے متنازعہ باتیں کی جاتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ صرف 2، 3 ججز ہی ہمت والے ہیں اور باقی ججز ہمت ہی نہیں رکھتے۔ ایسا کہنا بالکل غلط ہے اور یہ توہین عدالت ہے۔ یہ کہنا کہ چند ججز نے دلیرانہ فیصلہ لکھا اور چند نے ڈر کر لکھا یہ غلط ہے۔ جسٹس گلزار کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ سپریم کورٹ کا ہی ہوتا ہے۔ عوام میں عدلیہ مخالفت باتیں کرنے سے گریز کیا جائے۔ عدلیہ پر عوام بھروسہ کرتی ہے۔ اس قسم کی باتیں کرنے سے عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔ عدلیہ واحد ادارہ ہے جو اپنے فیصلوں سے پہچانی جاتی ہے۔ لہذا براہ مہربانی عدالتوں کو متنازعہ نہ بنائیں، تفریق پیدا نہ کریں۔