Monday January 20, 2025

کرونا وائرس کی دوسری لہر، ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانہ ہوگا گھر سے باہر نکلنے والے ہر شخص پر ماسک پہننا لازمی

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں اب جو ماسک نہیں پہننے گا، اسے جرمانہ ہوگا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے تمام ڈی سیز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کرونا ایس اوپیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ، اور تمام شاپنگ سنٹرز، تفریحی مقامات، تعلیمی اداروں کو جانے والے افراد کو کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جائے ۔ گھر سے باہر نکلنے والے ہر شخص کو ماسک پہننا لازمی ہوگا ۔ خلاف ورزی کرنے والے کو ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کو جرمانہ یقینی بنایا جائے ۔

کراچی میں لاک کرونا کیسز میں اضافے کے باعث یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں، آج محکمہ صحت ٹیم کی جانب سے کراچی کے ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 9158 کوویڈ ٹیسٹ کئےگئے ، جس میں سے 216 طلبا و اساتذہ کے ٹیسٹ مثبت اور 8939 طلبا واساتذہ کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس شرقی کے مطابق تعلیمی اداروں میں کئے گئے ٹیسٹوں میں سے 363 ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔ گذشتہ روز صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 556 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 16 ہزار 242 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے ایک ہزار 376 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار 251 ہوگئی ہے۔ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 17 ہزار 086 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 923 ہوگئی۔سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 343 ، پنجاب میں ایک لاکھ 5 ہزار 856، خیبرپختونخوا 40 ہزار 148 ، اسلام آباد میں 20 ہزار 967، بلوچستان میں 16 ہزار 033 ، آزاد کشمیر 4 ہزار 572 اورگلگت بلتستان میں 4 ہزار 332 تعداد ہوگئی۔

FOLLOW US