لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔جہانگیر ترین لندن سے براستہ دبئی نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچے۔پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور پہنچے، ان کے ساتھ فیملی کا اور کوئی شخص موجود نہیں تھا، اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ جہانگیر ترین اپنے بیٹے علی ترین کے ہمراہ پاکستان واپسی کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
جہانگیر ترین کے استقبال کے لیے پی ٹی آئی کا کوئی رہنما بھی ائیرپورٹ نہیں تھا تاہم ان کے کچھ قریبی دوست ان کے استقبال کے لیے ائیرپورٹ پر موجود تھے جنہوں نے ان کی لاہور آمد پر انہیں گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پرمیڈیا سےغیر رسمی گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ فی الحال سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کا نہیں سوچا، ابھی اچھا خاصہ تھکا ہوا، کچھ دن اور آرام کروں گا۔انہوں نے کہا کہ علاج کی غرض سے باہر گیا تھا اور 7 سال سے ہر سال علاج کے لیے باہر جاتا ہوں، اپوزیشن کاکام الزام لگانا ہے جس کا جواب دینا ضروری نہیں، اللہ کا شکر ہے میرا تمام کاروبار صاف شفاف ہے۔جہانگیر ترین ملک میں چینی بحران کے بعد شوگر کمیشن کی رپورٹ کے بعد لندن روانہ ہوگئے تھے اور تقریباً 7 ماہ لندن میں قیام کیا۔