Saturday May 18, 2024

کچھ پاکستانی سیاستدانوں کا حیران کُن ماضی، سیاست کے میدان میں آنے سے قبل کیا کرتے تھے؟ جانیں دلچسپ حقائق

پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو بڑی مقبولیت حاصل ہے جس کے باعث یہاں کے سیاسی میدان میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد حصہ لے رہے ہیں جب کہ ان ہی سیاسی جماعتوں میں کئی نامور سیاست دان ایسے ہیں جو ماضی میں شوبز سے وابستہ رہے ہیں تاہم کئی اداکارشوبز کی دنیا میں کوئی مقام نہ بناسکے لیکن سیاست کے میدان میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ 1- آصف علی زرداری پاکستانی سیاست کا اہم

نام آصف علی زرداری ملک میں مفاہمت کی سیاست کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ آصف زرداری پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور پاکستان کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ آپ کو آصف زرداری کے بارے میں جان کر حیرانی ہوگی کہ وہ حقیقت میں اداکار بھی رہ چکے ہیں۔ اُنہوں نے سنہ 1969ء میں ریلیز ہونیوالی فلم سالگرہ میں لالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے بچپن کا کردار نبھایا تھا جسے دیکھنے والوں سمیت فلمی پنڈتوں نے بھی بھرپور سراہا تھا۔ 2- طارق عزیز پاکستان کی ایک ممتاز شخصیت طارق عزیز بھی سیاسی میدان میں قدم رکھنے سے قبل اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ اُنہوں نے لالی ووڈ کی فلموں انسانیت اور ہار گیا انسان میں اداکاری کی۔ طارق عزیز فنی زندگی کی طرح سیاسی میدان میں بھی کافی سرگرم رہے اور انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا اس کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے جبکہ 1996 میں لاہور سے قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ رواں سال طارق عزیز 84 برس کی عمر میں جہان فانی سے رخصت ہوئے۔ 3- فوزیہ وہاب فوزیہ وہاب پاکستان پیپلزپارٹی کی

سابق سیکریٹری اطلاعات اور گھن گرج دار گفتگو کے لئے مشہور رہنما مرحومہ فوزیہ وہاب بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی تھیں انہوں نے سیاسی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل پی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل کہر میں ہیرو کی کزن کا کردار نبھایا تھا۔ 4- مسرت شاہین مُسرت شاہین پشتو فلموں کی معروف اداکارہ مسرت شاہین پاکستانی سیاست میں کسی تعارف کی محتاج نہیں جتنا نام انہوں نے پشتو فلموں میں اداکاری سے کمایا اتنا ہی بڑا نام انہوں نے پاکستانی سیاست میں مولانا فضل الرحمان کے مدمقابل انتخابات میں لڑکر کمایا۔ پشتو فلموں کو خیرباد کہہ کر سیاست میں آنے والی معروف اداکارہ مسرت شاہین نے 20 سے زائد سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 5- کنول نعمان کنول نعمان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے بھی شوبز کی دنیا سے سیاست کے میدان قدم رکھا۔ اُنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز سنہ1987ء میں کیا جس کے بعد مسلسل 23 سال شوبز کی دنیا سے منسلک رہیں، اور ڈرامہ سیریلز پیاس کھوجی اور شناخت سمیت جیسے کئی معروف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ کنول نعمان 2013ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے پنجاب اسمبلی کی رُکن منتخب ہوئیں اور اب شوبز سے مکمل کنارہ کشی اِختیار کرچکی ہیں۔ 6- شرمیلا فاروقی شرمیلا فاروقی

​​​​​​​ پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی بھی ماضی میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں انہوں نے ڈرامہ سیریل پانچواں موسم میں اداکار اِعجاز اسلم، طلعت حسین، عبداللہ کادوانی اور گلاب چانڈیو کے ساتھ مل کر اداکاری کے جوہر پیش کئے تھے۔ جبکہ اُنہوں نے سیاسی کیرئیر کا آغاز پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا۔ شَرمیلا فاروقی سال 2013ء کے اِلیکشن میں رُکن سندھ اَسمبلی منتخب ہوئیں اور تاحال اسمبلی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ شرمیلا فاروقی سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

FOLLOW US