Monday January 20, 2025

پیپلز پارٹی کے 12 سالہ دور حکومت میں کراچی کا ٹرانسپورٹ نظام تباہ ہوگیا “کسی نے سیاسی یتیم شہر دیکھنا ہے تو کراچی کو دیکھ لے

کراچی (ویب ڈیسک) عالمی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ میں کراچی شہر کو سیاسی یتیم قرار دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلومبرگ کی جانب سے شہر قائد کراچی کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کی تباہ حالی کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ، کسی نے سیاسی یتیم شہر دیکھنا ہے تو کراچی کو دیکھ لے، شہری بھیڑ بکریوں کی طرح ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر برسوں پرانی بسوں پر سفر کرتے ہیں۔

حد تو یہ ہے کہ بسوں کی چھت کو بھی مسافروں کے بیٹھنے اور سواری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کی تباہ حالی اور قوانین پر عمل نہ کروانے کی وجہ سے یہاں ٹریفک حادثات رونما ہونا معمول کی بات ہے۔ اس شہر کی بدقسمتی ہے کہ کوئی اس کے مسائل حل کرنے کی ذمے داری لینے کو تیار نہیں۔ شہر قائد کیلئے گرین لائن میٹرو بس منصوبہ شروع کیا گیا تاہم وہ بھی وفاق اور سندھ حکومت کی سیاست کی نظر ہوگیا۔
اس رپورٹ کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل کی جانب سے بھی ایک رپورٹ شائع کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے 12 سالہ دور حکومت میں کراچی کا ٹرانسپورٹ نظام تباہ ہوگیا۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے 12 سال کے دوران سندھ کے دارالحکومت کیلئے کوئی ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع نہیں کیا۔ کچھ عرصے قبل ڈھائی کروڑ کی آبادی والے شہر کیلئے چند بسیں چلانے کا مذاق کیا گیا تھا، تاہم یہ بسیں بھی جلد ہی بند ہوگئیں۔ اس کے علاوہ ساڑھے 4 سال پہلے اس وقت کے وزیر ٹرانسپورٹ نے اعلان کیا تھا کہ کراچی میں 200 بسیں چلائی جائیں گی، تاہم اس اعلان پر کبھی عمل نہیں کیا گیا۔

FOLLOW US