Sunday January 19, 2025

پارلیمنٹ حملہ کیس۔۔۔اسد عمر ،شاہ محمودقریشی اور جہانگیر ترین سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو مقدمے سے بری کرتے ہوئے دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک ،علیم خان ، جہانگیر ترین، اسد عمر سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنما شامل ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے جن رہنما ؤں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے انہیں آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔ ں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک ،علیم خان ، جہانگیر ترین، اسد عمر ، شوکت یوسفزئی کو 12 نومبر کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

صدر عارف علوی کو صدارتی استشنیٰ کے باعث ان کی حد تک کیس داخل دفتر رہے گا۔واضح ہو کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کی درخواست دائر کی تھی۔ وزیراعظم کی جانب سے پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کی درخواست انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دائر کی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو اب سنا دیا گیا ہے۔پارلیمنٹ حملہ کیس کا فیصلہ جج راجا جواد عباس نے سنایا ہے ۔اے ٹی سی نے عمران خان کی بریت کی درخواست منظورکرتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کر دیا ہے۔اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔یاد رہے کہ اگست 2014 میں تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دھرنا دیا تھا جس کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکنان نے پولیس رکاوٹیں توڑ کر وزیراعظم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کی تھی جس سے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ مشتعل کارکنان اور پولیس کے درمیان تصادم میں 3 افراد جاں بحق 560 سے زائد زخمی بھی ہوئے تھے۔

FOLLOW US