لاہور(نیوز ڈیسک )لاہور سے کوئٹہ پرواز کے دوران جہاز میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لئے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ بذریعہ ہوائی جہاز لاہور سے کوئٹہ کے لئے روانہ ہوئیں۔ پرواز کے دوران جہاز کے اندر ہی مریم نواز کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پرپارٹی رہنما اور مسافر بھی موجود تھے۔دوسری جانب ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کیلئے بذریعہ طیارہ کوئٹہ پہنچ گئی ہے،
کیپٹن(ر) صفدر، مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید اور دیگر رہنما بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے، مریم نواز کی سالگرہ کی تقریب کیلئے پکچر کیک کا خصوصی اہتمام کیاگیاتھا۔ یادرہے کہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے کاغذات کے مطابق مریم نواز کی تاریخ پیدائش 28 اکتوبر1973 ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اپنا قد اونچا کرنے کے لیے نواز شریف کا نام لیتے رہتے ہیں،سلیکٹڈ کو معلوم ہونا چاہیے کہ برطانیہ قانون کے تحت چلتا ہے وہاں کوئی ارشد ملک جیسے ججز نہیں ہوتے۔کوئٹہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس وقت این آر او کی ضرورت خود عمران خان کو ہے۔ کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب ہو گا اور کوئٹہ جلسے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔کراچی واقعے پر سب کو افسوس ہے اور اس سے حکومت کی بدنامی ہوئی ہے۔ کراچی واقعے کی تحقیقات کا حق سندھ حکومت کو ہے تاہم کراچی واقعہ کی تحقیقات کی ضرورت نہیں ہے وہ تو روز روشن کی طرح عیاں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ چینی اور آٹا مارکیٹ سے غائب ہے لیکن حکومت کی توجہ سابق وزیر اعظم نواز شریف پر ہے۔ ملک میں لوگ آٹا اور چینی کو ترس گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ اس وقت این آر او کی ضرورت کسی اور کو نہیں بلکہ خودعمران خان کو ہے۔ سیلیکٹڈ کو معلوم ہونا چاہیے کہ برطانیہ قانون کے تحت چلتا ہے وہاں کوئی ارشد ملک جیسے ججز نہیں ہوتے۔