Monday January 27, 2025

پی ڈی ایم کا کوئٹہ جلسہ! بلاول بھٹو نے شرکت کرنے سے انکار کر دیا، اپوزیشن اتحاد کو زبردست جھٹکا

کوئٹہ(نیوز ڈیسک) بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم کوئٹہ جلسے میں شرکت سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو کوئٹہ جلسے سے ایک روز قبل دھچکا پہنچا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کل 25 اکتوبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شیڈول پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو ان دنوں انتخابی مہم کے سلسلے میں گلگلت بلتستان میں موجود ہیں، اس لیے انہوں نے کوئٹہ جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی چئیرمین کہ جگہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی یا راجہ پرویز اشرف کوئٹہ جلسے میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ طبل جنگ بج چکا ہے، جلسہ ہرصورت ہوگا، حکومت کا فرض ہے اگر سکیورٹی خدشات ہیں تو جلسے کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ دہشتگردی کا خطرہ ہے تو حکومت جلسے کو سکیورٹی فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر بنائی گئی حکومت کے جانے کے دن قریب آچکے ہیں، کوئٹہ کے جلسے میں بلوچستان کے عوام جعلی وسلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹرز کو پیغام دیں گے کہ ان کے دن گنے جا چکے ہیں اگر اسلام آباد جانے کی کال دی گئی تومسلم لیگ(ن) بلوچستان کے کارکن اس میں بھر پور انداز میں شرکت کریں۔ دوسری جانب پی ڈی ایم کے جلسے کیلئے ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں انتظامات کا سلسلہ جاری ہے، اسٹیڈیم کے اندر60 ہزار سے زائد لوگ جمع ہوسکتے ہیں، لیکن اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ اسٹیڈیم سے باہر بھی لوگ ہی لوگ ہوں گے۔

FOLLOW US