Monday January 20, 2025

صفدر اعوان کی گرفتاری کی رات مریم صفدر اور صفدر اعوان علیحدہ کمروں میں سو رہے تھے

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ گرفتاری کی رات کیپٹن (ر)صفدر اور مریم نواز الگ الگ کمروں میں تھے، چادر و چاردیواری کا تقدس پامال نہیں ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہےکہ صفدر اعوان کی گرفتاری کا ڈرامہ اداروں کے درمیان تصادم کرانے کی کوشش تھی، کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نواز ہوٹل کے علیحدہ علیحدہ کمروں میں تھے، مریم نواز کے کمرے کا دروازہ نہیں توڑا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ بلاول زرداری کے زر خرید غلام ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیگم صفدر سوشل میڈیا کی لیڈر اور ٹوئٹر کی ملکہ ہیں،یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ چادر اور چار دیواری متاثر ہوئی ہوتی اور وہ ویڈیو نہ بناتیں ۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ مریم صفدر اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر الگ الگ کمرے میں تھے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ وہ کمرے میں ساتھ تھیں اور دروازہ توڑا گیا تو انہوں نے ویڈیو نہیں بنائی ہو۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ آئی جی ہمارے کنٹرول میں نہیں، اس کا مطلب ہے آپ مانتے ہیں کہ آپ نا اہل ہیں، آئی جی سندھ ایک کرپٹ آدمی ہیں جو ان کے اومنی کے اکاؤنٹس کا تحفظ کرتے رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مکس اچار پارٹی کرپشن کا تماشہ، مریم صفدر کے باہر جانے کی آشا اور اٹھارویں ترمیم کی بھاشا پر کھڑی ہے، فوج عمران خان کے ساتھ نہیں بلکہ منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، جیسے ماضی میں نواز شریف کی حکومت کے ساتھ کھڑی تھی۔ ان کا کہنا تھاکہ مریم نواز چادر اور چار دیواری کے تحفظ کا واویلا تو کر رہی ہیں لیکن مزار قائد کی بے حرمتی کی کوئی بات نہیں کررہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز بتائیں جمہوریت کا راگ الاپنے والے ان دونوں لیڈروں کی پارٹیوں میں خود کتنی جمہوریت ہے؟ انہوں نے بلاول بھٹو کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو اپنے والد کے فرمان کے مطابق نواز شریف سے بچیں ۔ واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد پر نعرے بازی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جس پر مریم نواز نے کہا تھا کہ وہ اپنے کمرے سو رہے تھے کہ ان کادروازہ توڑ کر اہلکار کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر کے لے گئے تھے۔

FOLLOW US