Monday January 20, 2025

عالمی ادارے نے پاکستان کو 15 طاقتور ایشیائی ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بین الاقوامی ادارے نے پاکستان کو 15 طاقتور ترین ایشیائی ممالک کی فہرست میں شامل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق لوئے انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ ایشیاء پاور انڈیکس 2020 میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ لوئے انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری انڈیکس میں پاکستان کا 15واں نمبر ہے ۔ خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سیاسی اور سفارتی تعلقات جیسے 128 نکات کی جانچ کے بعد جاری کی جانے والی رپورٹ میں صرف ایشیائی ممالک ہی شامل نہیں ہیں بلکہ امریکہ سمیت کئی ایسے ممالک بھی شامل ہیں جن کے اس خطے میں اثر رسوخ رکھتے ہیں۔

لوئے انسٹیٹیوٹ کی اس رپورٹ میں دنیا بھر کے ممالک کی بین الاقوامی ساکھ اور طاقت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ یہ ریسرچ 8 بنیادی نکات کے مطابق کی جاتی ہے جن میں کسی ملک کی فوجی صلاحیت، دفاعی نظام، معاشی و سفارتی صورتحال اور وسائل وغیرہ شامل ہیں ۔ ادارے کی رپورٹ میں ایشیائی ممالک کی جانب سے کورونا بحران سے نمٹنے کی پالیسیوں کو بھی شامل کیا گیا تھا، اس کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ایشیاء کے ملک پاپوا نیوگنی کو بھی پہلی بارایشیائی ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خطے میں سب سے زیادہ طاقتور ملک امریکہ ہے حالانکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اس کے اسکور میں تین پوائنٹس کی کمی بھی واقع ہوئی ہے، اس کے باوجود گزشتہ برس ملنے والی 10 پوائنٹس کی لیڈ ابھی بھی برقرار ہے، چین اس فہرست میں تیزی سے اوپر آنے والے ممالک میں شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی نرم پالیسیوں اور موثر سفارتی تعلقات نے گزشتہ برس کی نسبت پاکستان کیلئے مثبت راستے کھولے ہیں۔

جس کی وجہ سے پاکستان اس فہرست میں اوپر آیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کے دیگر ممالک پر انحصار تو برقرار رہا ہے مگر سفارتی اور معاشی تعلقات کے معاملے میں بھارت نیچے گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے انتہائی موثر اقدامات، اندرونی استحکام اور جیو اکنامک سیکیورٹی میں مثبت اقدامات دیکھنے میں آئے ہیں ۔ واضح رہے کہ لوئے انسٹیٹیوٹ ایک آسٹریلوی گلوبل تھنک ٹینک ہے جو دنیا بھر کے ممالک کے معاشی و سیاسی حالت کے حساب سے ان کی فہرستیں مرتب کرتا ہے ۔

FOLLOW US