Monday January 27, 2025

اورنج لائن میٹرو ٹرین چلنے میں صرف چند روز باقی، فی کس کرائے کا اعلان کر دیا گیا

لاہور (نیوز ڈیسک) اورنج لائن میٹرو ٹرین چلنے میں صرف چند روز باقی، فی کس کرائے کا اعلان کر دیا گیا، سی پیک منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے منصوبے کا افتتاح 25 اکتوبر کو ہوگا، ہر مسافر کو 40 روپے کرایہ ادا کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ملکی تاریخ کے سب سے شاندار اور مہنگے ترین ٹرانسپورٹ منصوبے اورنج لائن کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کو 2 سال کی تاخیر کے بعد بالآخر 25 اکتوبر کو آپریشنل کر دیا جائے گا۔ کچھ روز قبل ہی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اورنج میٹرو ٹرین کو آپریشنل کرنے کی حتمی منظوری دی تھی۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے 25 اکتوبر سے اورنج میٹرو ٹرین فعال کرنے کی حتمی منظوری دی۔ کابینہ کے فیصلے کے مطابق اورنج میٹرو لائن ٹرین 25 اکتوبر سے آپریشنل ہوگی۔ اورنج میٹرو لائن کا آخری اسٹاپ تک کا کرایہ 40 روپے ہو گا۔ کابینہ نے 50 روپے کرایہ مقرر کرنے کی تجویز دی تھی لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹرین کا کرایہ 50 روپے مقرر کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف دیتے ہوئے ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی۔ واضح رہے کہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ اورنج ٹرین کا ٹرائل رن شروع کردیا گیا ہے اور جلد افتتاح کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاتھا کہ اورنج ٹرین کا ٹرائل رن شروع کردیا گیا ہے، آپریشنز و مینٹننس کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ اسٹاف ہائرنگ کا کام بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ اورنج میٹرو ٹرین کا منصوبہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے دور میں شروع ہوا تھا۔ جو کہ اب مکمل ہوا ہے، اس وقت اورنج ٹرین ٹرائل کے طور پر چل رہی ہے۔

FOLLOW US