Sunday April 28, 2024

او جی ڈی ایل کے قافلے پر دہشت گردوں کا حملہ 7ایف سے اہلکاراور 7سیکیورٹی گارڈ شہید

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 7 ایف سی اہلکار اور 7 سیکیورٹی گارڈ شہید ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میںاو جی ڈی سی ایل کے قافلے پر مسلح افراد کے حملے میں 14سیکورٹی اہلکارشہید جبکہ 2افرادزخمی ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق جمعرات کو کراچی سے اورماڑہ جانے والے او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر مکران کوسٹل ہائی وے پربذی ٹاپ کے مقام پر گھات لگائے مسلح افرادنے اندھادھند فائرنگ اورراکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں قافلے کی سیکورٹی پر معموردو گاڑیاں حملے کی زد میں آنے کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے 14اہلکار شہید جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے اورسیکورٹی فورسز کی گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے نعشوں اورزخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا اور پورے علاقے کوگھیرے میں لیکر نامعلوم مسلح افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔جوابی فائرنگ میں متعدد دہشتگرد بھی مارے گئے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کیا اور دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن ، استحکام اور ترقی کو سبوتاز کرنے والے عناصر کی ایسی بزدلانہ کاروائیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مزید برآں ایسی کاروائیاں مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔چاہے اس کے لیے ہمیں اپنی جاںوں کا نذرانہ ہی کیوں نہ پیش کرنا پڑے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوبے دار عابد حسین،نائیک محمد انور،لائنس نائیک افتخار احمد،سپاہی محمد نوید، لائن نائیک عبدالطیف ،سپاہی عمران خان، حوالدار (ر) سمندر خان، محمد فواد اللہ، عطااللہ، وارث، عبدالنافر ، شاکر اللہ اور عابد حسین شامل ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کوسٹل ہائی وے پر او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے اس واقعے کو بزدلانہ عمل قرار دیتے ہوے کہا کہ بحیثیت قوم ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اس بات کی علامت ہے کہ دشمن بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتا ہے۔

FOLLOW US