Friday April 19, 2024

خورشید شاہ ایک سال سے ہسپتال میں کیوں ہیں؟ بتایا جائے پچھلے ایک سال میں کیا علاج ہو

لاہور (نیوز ڈیسک) یہ کم بخت بیماریاں بھی سیاستدانوں کو اسی وقت آن گھیرتی ہیں جب ان کے سر پر جیل جانے کی تلوار لٹک رہی ہوتی ہے یا پھر کوئی ایسا واقعہ رونماہونے جا رہا ہوتا ہے کہ جس سے انہیں خفگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔جب یہ لوگ اقتدار میں ہوتے ہیں تو ایسے فٹ ہوتے ہیں کہ ستر اسی برس کے ہونے کے باوجود بھی انہیں کھانسی بخار تک نہیں ہوتااور جب ان کے خلاف کرپشن کے کیسز کھلتے ہیں تو ان کے دل، گردے، پھیپھڑے اور پتا نہیں کیا کچھ جواب دے جاتا ہے۔

اس وقت جتنے بھی سیاستدانوں کے خلاف مقدمات درج ہیں وہ جیل میں کم اور اسپتال کے بیڈ پر زیادہ لیٹے ہیںانہی میں سے ایک پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما خورشید شاہ بھی ہیں جن پر کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں مگر وہ بیماری کا بہانہ بنا کر اسپتال میں لیٹے ہوئے ہیں تاہم اب یہ عیاشی زیادہ دیر چلنے والی نہیں لگتی کیونکہ خورشید شاہ کے اسپتال میں رہنے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ سینئر وکیل نے پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کے ایک سال سے ہسپتال میں قیام کے خلاف درخواست دائر کر دی۔رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کے ایک سال سے ہسپتال میں زیر علاج ہونے کیخلاف سینئر وکیل نے درخواست دائر کرتے ہوئے اعتراض کیا کہ بتایا جائے خورشید شاہ کا ایک سال میں کیا علاج کیا گیا، وکیل نے استدعا کی ہے کہ ایم این اے خورشید شاہ کو اپنے جرم کی سزا بھگتنے کے لیے جیل منتقل کیا جائے۔

خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں نیب کی تحویل میں ہیں اور گزشتہ ایک سال سے دل کے ہسپتال این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج ہیں لیکن درخواست گزار کے مطابق گزشتہ ایک سال سے ان کی نہ تو انجیو پلاسٹی ہوئی اور نہ ہی پیس میکر انسٹال ہوا نہ ہی کوئی اور سرجری کی گئی۔درخواست گزار وکیل کے مطابق پی پی رہنما کے لیے ہسپتال کے 3 کمرے مختص کیے گئے ہیں جہاں وہ پی پی رہنماوں اور اپنے ملنے والوں سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق اگر اسی طرح نرمی برتی گئی تو وہ بھی پلیٹ لٹس کی کمی کا بہانہ بنا کر ملک سے باہر چلے جائیں گے۔سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو 18 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔ درخواست میں سندھ حکومت، ڈی جی نیب، این آئی سی وی ڈی چیف ایگزیکٹو کو فریق بنایا گیا ہے۔سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا جس کے دوران وہ یہ نہ بتا سکے کے گزشتہ ایک سال سے خورشید شاہ کا ہسپتال میں کس طرح کا علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس سوال کے جواب میں صرف یہ کہا کہ خورشید شاہ عدالت کے احکامات پر ہسپتال میںہیں اس میں سندھ حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں۔

FOLLOW US