Monday January 27, 2025

زیادہ ہجوم اکٹھا کرناہوتا ہے تو عاطف اسلم یا پھر عطاءاللہ کو بلا لیا کریں،فواد چودھری

لاہور (نیوز ڈیسک) حکومت اور اپوزیشن اس وقت میدان میں اتر چکی ہوئی ہے۔جہاں ایک طرف کورونا کی دوسری لہر آ چکی اور وائرس پھیلنا شروع ہو گیا ہے وہاں دوسری طرف مہنگائی کا جن بھی مارکیٹوں میں ایسے پھر رہا ہے کہ عوام اس سے پناہ ہی مانگتے نظر آتے ہیں۔اب کی بار تو مہنگائی نے حکومت کو بھی الرٹ کر دیا ہے مگر سب کا کہنا یہی ہے کہ مہنگائی نے کم اور پی ڈی ایم کی تحریک نے حکومت کی نیند زیادہ خراب کی ہے اور اب وہ خفت مٹانے کے لیے کبھی کیا تو کبھی کیا بیان دیتے نظر آتے ہیں۔ حکومتی وزرااور اپوزیشن ارکان ایک دوسرے کو جلسے کرنے نہ کرنے کورونا سے بچاﺅ اور احتیاط کے طریقے بتاتے نظر آتے ہیں۔

کابینہ اجلاس کے علاوہ اسمبلی کا فلور ہو یا پریس کانفرنس یا پھر ٹی وی ٹاک شوز حکومتی نمائندگان اور اپوزیشن ارکان ایک دوسرے کو خوب مشورے دیتے اور مونگ تلتے نظر آتے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں پی ٹی آئی کے فواد چودھری اور ن لیگ کے محسن شاہنواز رانجھا شریک تھے۔ محسن شاہنواز رانجھا نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ ہم شہباز شریف کی بجائے مریم نواز سے جلسوں کی قیادت یا صدارت اس لیے کراتے ہیں کیونکہ وہ کراﺅڈ پلر ہے یعنی اس کی صدارت کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ لوگ جلسوں میں آتے ہیں اور پنڈال بھر جاتا ہے۔باقی اس کا مقصد یہ نہیں ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز کے بیانیے میں کسی قسم کا فرق ہے یہ صرف عوام کو جلسوں میں لانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس پر فواد چودھری نے کہا کہ محض عوام کو جلسوں میں زیادہ جمع کرنے کے لیے اگر مریم نواز کو صدارت دی جاتی ہے تو عوام اکٹھا کرنے کے لیے آپ گلوکار عاطف اسلم کو بھی بلا سکتے ہیں ان کی وجہ سے بھی بہت زیادہ لوگ جمع ہو جائیں گے۔اس پر محسن شاہنواز نے کہا کہ عاطف اسلم ہر جگہ عوام جمع نہیں کر سکتا اگر ہم نے سرگودھا کے کسی گاﺅں میں جلسہ کرنا ہو تو وہاں عاطف اسلم کام نہیں آئے گا۔اس پر فواد چودھری نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ پھر عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی کو بلا لیجیے گا۔

FOLLOW US