Monday January 27, 2025

وفاقی کابینہ کا اجلاس، مراد سعید اپنے ہی ساتھی وزرا پر پھٹ پڑے، مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی برائے پیٹرویم ندیم بابر پر شدید تنقید، شیخ رشید نے بھی وزیر اعظم کوہوشربا مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کرنے کا مشورہ دیا، کابینہ اجلاس میں انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کا بھی تذکرہ رہا ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا

کہ وزیر اعظم بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے منع کرتے ہیں، عوام کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے لیکن وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی بابر ندیم عوام دشمن فیصلے ای سی سی اجلاس سے منظور کروا لیتے ہیں جس سے حکومت کو سبکی اور شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔کابینہ کےاجلاس میں وزیرریلوے شیخ رشیداحمدنےبھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام آئے روز حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں انڈوں کی قیمتوں میں اچانک اضافے کا بھی تذکرہ ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سے قبل شدید سردی میں انڈوں کی قیمت 120تا 130 روپے فی درجن سے اوپر نہیں جاتی تھی تاہم اب رواں گرمی کے سیزن میں انڈہ 190 روپے تک فی درجن بک رہا ہے۔ انڈہ مافیا کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔

FOLLOW US