Thursday May 16, 2024

مہنگائی کنٹرول کرنا چیلنج بن گیا، مسئلہ حل کرکے دم لیں گے، وزیراعظم کا اعلان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے مہنگائی کنٹرول کرنا چیلنج بن گیا، مسئلہ حل کرکے دم لیں گے، مہنگائی ختم کرنے کیلئے مشاورت جاری ہے، جلد ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا، اب ہماری پوری توجہ منہگائی کنٹرول کرنے پرہوگی، دیکھتے ہیں اب مافیا کیا کرتا ہے؟ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک کی معاشی، قومی سلامتی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے مہنگائی اور ادویات کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ 12 نکاتی ایجنڈےپرغورکیا گیا جس میں متعدد نکات کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کو اسلام آباد میں تجاوزات ہٹانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں مہنگائی اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر حکمت عملی بنائی گئی۔ کابینہ ارکان نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اورضلعی انتظامیہ کو اشیاء کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو منہگائی میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ مہنگائی ختم کرنے کیلئے مشاورت جاری ہے۔ حکومت جلد ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کرےگی۔ آئندہ دنوں میں ہماری پوری توجہ منہگائی کنٹرول کرنے پر ہوگی۔ ساری صورتحال خود مانیٹر کر رہا ہوں۔ دیکھتے ہیں اب مافیا کیا کرتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ منہگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ہم مہنگائی کے مسئلے کو حل کرکے دم لیں گے۔ وزیراعظم نےکہا شیخ رشید کی کارکردگی سب سے اچھی ہے۔ شیخ رشید نے پیسگوئی کی کہ نومبر دسمبر میں آٹا مزید منہگا ہوسکتا ہے۔ شیخ رشید نے رائے دی کہ ادویات منہگی ہونے کی وجہ سے لوگوں کی باتیں سننا پڑتی ہیں۔

شیخ رشید نے کابینہ اجلاس میں سوال کیا کہ بتایا جائے ادویات کیوں منہگی ہوئیں؟ اس پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وزراء کو ادویات پر بریفنگ دی۔ کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے معاملات بہترکرنے کا کہہ دیا ہے۔ کابینہ اجلاس میں مہنگائی پر وزراء نے ایک دوسرے پر نوک جھونک بھی کی۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے شبلی فراز کو تنقید کے بعد مشورہ دیا کہ وزیراطلاعات میڈیا کی مضبوط ٹیم بنائیں۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے معاون خصوصی ندیم بابر اور عمر ایوب کی کارکردگی پر تنقید کی کہ بجلی اور گیس قیمتوں میں اضافہ کے ذمہ دارآپ دونوں ہیں۔ کابینہ میں فیصلے کچھ ہوتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود بجلی گیس میں عوام کو ریلیف نہیں مل رہا۔ اسی طرح اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ افریقی ملک نائیجرکے لیے امدادی سامان بھیجنے پرغور کیا گیا۔ مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان کو ایڈیشنل چارج دینے کے معاملے پرغور کیا گیا۔ اجلاس میں امپورٹ ایکسپورٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 2020ء اور پی آئی اے بورڈ کیلئے ڈائریکٹرز کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مسائل کے حل کیلئے کابینہ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔

FOLLOW US