Friday May 3, 2024

نوازشریف کو کرپٹ چور کہا جا سکتا ہے، لیکن غدار سخت لفظ ہے، شیخ رشید نوازشریف بہادر ہیں تو ملک واپس آئیں۔۔

لاہور(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کرپٹ چور ہے، لیکن غدار سخت لفظ ہے،نوازشریف چاہتے ہیں لندن میں بیٹھ کر تحریک چلائیں، نوازشریف بہادر ہیں تو ملک واپس آئیں، نوازشریف دوراندیش سیاستدان نہیں ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ نوازشریف کی ایک سال سے بات چیت چل رہی تھی، لیکن عمران خان نے اداروں کیخلاف اور ہر کسی کے خلاف سٹینڈ لے لیا۔ نوازشریف چاہتے تھے کہ مریم نواز بھی باہر آجائے۔ میں ان لوگوں میں شامل تھا جس نے کہا نوازشریف کو جانے دو، نوازشریف واپس نہیں آئے گا۔نوازشریف دوراندیش سیاستدان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کوکرپٹ چور کہا جاسکتا، لیکن غدار سخت لفظ ہے، کرپٹ، چور، ڈاکو ، بددیانت اورمنی لانڈرنگ کرنے والا کہہ سکتے ہیں، نوازشریف بغیر ویزے کے مودی کو گھر لے کر آیا۔ انہوں نے ایک اور ٹی وی چینل میں کہا کہ اپوزیشن کا ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، لیکن اپوزیشن کی بے وفوقی ہے ، اس سے کورونا اور دہشتگردی پھیلنے کا خدشہ ہے، میں ان کو بار بار کہہ رہا ہوں کہ عمران خان ان کے جلسوں ، احتجاج سے نہیں جا رہا ہے۔میں اشٹام پر لکھ کر دے دیتا ہوں۔ یہ جلسے کرنے کیلئے ماسک کا انتظام کریں۔باالآخر پیپلزپارٹی ان سے علیحدہ ہوجائے گی۔ پیپلزپارٹی استعفے نہیں دے گی۔ اگر اپوزیشن نے قانون میں ہاتھ میں لیا تو قانون ان کے ساتھ چھترول کرے گا۔آخر کار الیکشن انہوں نے بھی لڑنا ہے، ہم نے بھی لڑنا ہے، لیکن یہ عمران خان سے ڈرے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے چینی، آٹے کا مسئلہ حل کردیا تو اس پر کوئی چوری کا الزام تو نہیں ہے۔عمران خان کی واحد حکومت ہے، جس نے ٹڈی دل، کورونا کو حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم کو کہتا ہوں کہ اپوزیشن کا خوفناک ایجنڈا ہے، پاکستان کوعدم استحکام کا شکار کرنا عالمی ایجنڈا ہے، فرقہ واریت پھیلانا انٹرنیشنل سازش ہے، نوازشریف اس کا آلہ کاربن رہے ہیں ، کیونکہ نواز شریف نے فوج کیخلاف بات کی، جو کہ خود جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4کی پیداوار ہے۔نوازشریف نے جو غلطیاں کی ہیں وہ گانٹھیں اپنے دانتوں سے کھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں سارے زیادہ تر وزراء نئے ہیں، لیکن عمران خان نے بہت سیکھا ہے۔

مہنگائی حکومت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔ مہنگائی کو عمران خان ختم کریں گے۔عمران خان سے لوگوں کو نفرت نہیں بس مہنگائی کی وجہ سے اختلاف ضرور ہے۔کیا عمران خان ٹی وی نہیں دیکھتا، وہ فون پر بھی ٹی وی دیکھتا رہتا ہے، عمران خان کو کئی بار کہا کہ ٹی وی کم دیکھا کریں۔میں نے کابینہ اجلاس میں ادویات کی بات کی، میں ہمیشہ غریب کی بات کرتا رہوں گا۔

FOLLOW US