صوابی (نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارے اخراجات 20 ارب ڈالر جبکہ آمدن 8 ارب ڈالر ہے، حکومت کو احساس ہے کہ عوام مہنگائی سے شدید پریشان ہیں، آئی ایم ایف کے پاس گئے تھے کہ ملک میں تنخواہیں دینے کے بھی پیسے نہیں تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ مہنگائی سےعوام شدید پریشان ہیں۔ جب ہم حکومت میں آئے تھے تو ملکی معیشت تباہ حال تھی۔ گزشتہ حکومتوں نے اداروں کو تباہ کیا۔ ریلوے اور پی آئی اے سمیت دیگرادارے بھی خسارے میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے اخراجات 20 ارب ڈالر ہیں جبکہ آمدن8 ارب ڈالر ہے۔ آئی ایم ایف کے پاس اس لیے گئے تھے کیونکہ ملک میں تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں تھے۔ مزید برآں محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے میگا پراجیکٹ کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات کے سلسلے میں یاسر شاہ کرکٹ اکیڈمی شاہ منصور ٹاؤن صوابی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اوپن ایئر جم کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند ، ڈپٹی ڈائریکٹر امیر محمد ،ڈپٹی ڈائریکٹر جی آئی ایس سید زاہد شاہ ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرصوابی طارق خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ، وزیراعظم عمران کے ویژن کے مطابق اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر یاسر شاہ کرکٹ اکیڈمی شاہ منصور ٹائون صوابی میں 2.1 ملین لاگت سے اوپن ایئر جم کا افتتاح کیا گیا۔ اس سے قبل مختلف ضلعی علاقوں میں 35 اوپن ایئر جم لگائے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید اوپن ایئر جم کی منظور ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں ہوگی ، پراجیکٹ ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ خیبرپختونخوا مراد علی مہمند نے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے جس میں 1170 ملین روپے کی لاگت سے 204 سکیموں پر کام جاری ہے جو کہ جون 2021 تک مکمل ہوگا۔ صوابی میں یہ دوسرا اوپن ایئر جم ہے اس سے قبل بام خیل سپورٹس کمپلیکس صوابی میں بھی اوپن ایئر جم نصب ہوچکا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان کا ویژن خیبرپختونخوا میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینا ہے ، اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ محمود خان اور انکی ٹیم بھرپور محنت کررہی ہے۔ کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات پراجیکٹ مکمل ہونے سے نہ صرف نوجوانوں کو کھیلنے کے مواقع میسر ہونگے بلکہ اس سے نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئیگا جو کہ صوبے اور ملک کا نام روشن کریگا۔