Monday January 27, 2025

پنجاب حکومت کا آن لائن لیکچر ز کیلئے انصاف اکیڈمی قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور (نیوز ڈیسک) طلبا کو آن لائن لیکچرز دینے کے لیے پنجاب حکومت نے انصاف اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کر دیا ۔ اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ آئندہ 6 ماہ کے اندر انصاف اکیڈمی قائم کی جائے گی ، جس کے تحت طلبا کو آن لائن لیکچرز دیے جائیں گے ، جب کہ اس اقدام سے والدین پر فیسوں کا اضافی بوجھ ختم ہو گا ، کیوں کہ اب بچے گھر بیٹھے آن لائن لیکچر لے سکیں گے ، اساتذہ بچوں کو ٹیوشن پڑھانے کے لیے شام کو بلواتے تھے اور یہاں اس قسم کی اکیڈمیز بھی ہیں جو ایک لیکچر کا 20 ہزار روپے تک لے رہی ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے انگلش کے لیے ایک ہزار سے زائد ٹرینرز تیار کر لیے گئے ہیں ، جو بچوں کو تربیت دینے کے علاوہ اساتذہ کو بھی لیکچرز کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے۔ دوسری طرف محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے طلباء کو کورونا سےمتعلق حفاظتی تدابیراختیار کرنے کے لئے آگاہی کتابچہ جاری کردیا ، طلباء کو تمام حفاظتی تدابیر سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا ہے ، سیکریٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا ہے کہ طلباء وطالبات کتاب میں دی گئی ہدایات پرعمل کریں ، ان سب احتیاطی تدابیر کے حوالے سے والدین بچوں کو تربیت دیں ، کتابچے میں بچوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ سانس لینے میں تکلیف ، جسم میں درد ، بخار ، سردرد ، کھانسی کورونا وائرس کی علامات ہیں ، سکولوں میں دوستوں کے ساتھ 6 فٹ فاصلے پر بیٹھیں ، ہاتھوں کو صابن سے 20 سے 40 سیکنڈ تک دھوئیں ، کھانستے یا چھینکتے وقت منہ کو کہنی یا رومال سے ڈھانپیں ، دوران تعلیم ماسک پہنیں اور لنچ گھر سے لے کر جائیں جبکہ سردرد اور کھانسی کی شکایت پرفوراً ٹیچر کو بتائیں۔

FOLLOW US