Monday January 27, 2025

اپوزیشن کی تحریک سے انتشار پھیلنے کا خدشہ فواد چوہدری کی اپوزیشن پر شدید تنقید ،سنگین الزامات عائد کردئیے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن تحریک میں ریاست کو درپیش اصل چیلنج مذہب کارڈ کا استعمال ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک میں شامل مدرسے کے بچوں کے ڈنڈا بردارجلوس اور مذہبی جذبات سلگانے کی کوششش ہے، اس تحریک سے فرقہ ورانہ کشیدگی میں اضافہ اور تحریک کا پرتشدد ہونا بعید از قیاس نہیں ہے ، کوئی بھی سنجیدہ تجزیہ نگار اس تحریک کو انتشار کا استعارہ ہی سمجھے گا ۔

یاد ہے کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے اپوزیشن سے تحریک اگلے سال تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر این سی او سی نے نئے ایس اوپیز جاری کیے ، اس سلسلے میں زندگی کااحترام کریں اور سیاسی جماعتیں 3 ماہ کے لیے جلسے جلوس ملتوی کر دیں ، موجودہ صورتحال میں سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے ، اس سلسلے میں زندگی کااحترام کریں اور اپوزیشن بھی تحریک اگلے سال تک ملتوی کر دے ، کیوں کہ این سی او سی نے شادیوں اور دیگر تقریبات کو محدود کرنےکا کہا ہے۔ اس ضمن میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے ، تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایاجائے ، دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان میں کورونا کیسز کم ہیں ، لیکن سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے ، لہٰذا کورونا سے بچاوَ کیلئےہر فرد فیس ماسک کا استعمال کرے، عوامی مقامات پر ہرکوئی ماسک پہنے ، تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایاجائے ۔

FOLLOW US