Monday January 27, 2025

مہنگائی کیخلاف وزیر اعظم کا ایکشن پلان تیار ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ٹائیگر فورس کو میدان میں اُتارنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مہنگائی کے خلاف وزیراعظم عمران خان کا ایکشن پلان تیار کرلیا گیا ، ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے فیصلوں پر عمل درآمد کل سے ہوگا ۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق پلان کے تحت حکومتی اداروں اور ریاستی وسائل کے بھرپور استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں وزیراعظم نے ایک بار پھر ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں ٹائیگر فورس کو ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کا ٹاسک سونپے جانے کا امکان ہے ،

اس سلسلے میں عمران خان کی طرف سے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار سے مشاورت مکمل کرلی گئی اور وزیراعظم نے ٹائیگرفورس کا بڑا کنونشن بلانے کی ہدایت کر دی ، کنونشن آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہوگا جس میں ٹائیگر فورس کے جوان شریک ہوں گے ، جہاں وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کی حکومتی ایکشن پلان پر رہنمائی کریں گے ، وزیراعظم سےگائیڈ لائنز ملنے کے بعد عثمان ڈار نے کنونشن کی تیاریاں شروع کر دیں۔ اسی حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام بھی جاری کیا ہے ۔ اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز ٹائیگر فورس کے کنونشن میں شرکت کروں گا ، چاہتا ہوں ٹائیگر فورس روزانہ کی بنیاد پر اشیا خورد ونوش کی قیمتوں کا جائزہ لے ، ٹائیگر فورس آٹا، چینی، دال اورگھی کی قیمتوں کوچیک کرے ، ٹائیگر فورس اپنے علاقوں میں اشیا کی قیمتیں چیک کر کے اپنے پورٹل پر پوسٹ کرے ، ان تمام چیزوں پر ہفتے کو ہونے والی میٹنگ میں بات ہوگی ۔

FOLLOW US