Monday January 20, 2025

نواز شریف نے بھارت کے ملٹری اتاشی سے ملاقات کی ہے، سینئر صحافی کا الزام

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینئر صحافی ہارون رشید کے دعوے کے مطابق نواز شریف نے بھارت کے ملٹری اتاشی سے ملاقات کی ہے، ن لیگ کے قائد فرسٹریشن میں پے درپے غلطیاں کر رہے ہیں، پاکستانی ادارے اتنے کمزور نہیں کہ ایسی ملاقاتوں کی تصدیق نہ کر سکیں۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار ہارون رشید کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے بھارت کے ملٹری اتاشی سے ملاقات کی گئی ہے۔

ہارون رشید کا کہنا ہے کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ ملاقات کہاں ہوئی، لیکن یہ بات کنفرم ہے کہ ملاقات ضرور ہوئی ہے۔ ہارون رشید کا کہنا ہے کہ پاکستانی ادارے اتنے کمزور نہیں ہیں کہ نواز شریف کی اس ملاقات کی تصدیق نہ کر سکیں۔ ہو سکتا ہے کہ مستقبل میں اس ملاقات کی تفصیلات سامنے آ جائیں۔ ہارون رشید کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے ماضی میں بھی خفیہ ملاقاتیں کی گئیں۔ نواز شریف نے نئی دہلی اور کھٹمنڈو میں ملاقاتیں کی تھیں۔ جبکہ یہ بھی سب کو معلوم ہے کہ نواز شریف نے ماضی میں حریت کانفرنس کے رہنماوں سے ملاقات کرنے سے انکار کیا، لیکن بھارتی قیادت سے ملاقاتیں کرتے رہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ نوازشریف کابیٹا بھارت کے بھیجے افراد سے ملا،نواز شریف نے لندن کے جس سفارتخانے میں خفیہ ملاقات کی انہیں اس کا جواب دینا پڑیگا۔ شہباز گل کا کہنا ہے کہ اب پاکستان مخالف پروپیگنڈا نہیں بکے گا،۔ ن لیگ کا ووٹر ہو یا کوئی بھی پاکستانی، سب فوج سے محبت کرتے ہیں۔ نواز شریف کے بیٹے نے ایک ہوٹل میں بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے بھیجے ہوئے تین افراد سے ملاقات کی ان کے نام بھی موجود ہیں۔ جبکہ پچھلے منگل کو نواز شریف نے خود لندن میں ایک سفارت خانے میں جاکرخفیہ ملاقات کی، انہیں اس کا جواب دینا پڑے گا۔

FOLLOW US