Monday January 20, 2025

ملکی اداروں کیخلاف تقاریر سابق وزیر اعظم کیخلاف ’غداری‘ کا مقدمہ درج

لاہور (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔غداری کا مقدمہ شاہدرہ لاہور میں درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف سازش کے تحت پاکستان کے خلاف تقاریر کر رہے ہیں۔نواز شریف پاکستان کو عالمی برداری میں تنہا کرنے کی بھارتی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ نواز شریف نفرت انگیز تقاریر کر رہے ہیں۔مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں نے بھی نواز شریف کی تقریر کی تائید کی۔نواز شریف کو عدالت نے بیرون ملک علاج کی غرض سے مشروط طور پر باہر جانے دیا۔متن میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا گیا۔

لاہور کے تھانے شاہدرہ میں شہری بدر رشید نے مقدمے کی درخواست دی۔قبل ازیں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ نواز شریف پر غداری کے مقدمے کیلئے عوام کا دباؤ ہے، عوامی مطالبے پرنواز شریف پر غداری کے مقدمے کیلئے سوچ رہے ہیں ۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن، وزیراعظم سے استعفا لینے آئے تھے مگر وظیفہ لے کر چلے گئے۔ غلام سرور نے کہا کہ نواز شریف نے جونیجو، گیلانی اور ضیاء کے ساتھ کیا سلوک کیا انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے آصف نواز، اسحاق خان اور جہانگیر کرامت کے ساتھ کیا سلوک کیا غلام سرور خان نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے پر بھارتی میڈیا شادیانے بجارہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کا کڑا احتساب ہونا چاہیے، نواز شریف کا لندن میں بھی محاسبہ کریں گے۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ان کی ذاتی رائے یہ ہے کہ پارلیمنٹ، کابینہ اور بیورو کریسی میں شامل افراد کی دہری شہریت نہیں ہونی چاہیے۔غلام سرور خان نے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کو خود سے زیادہ ملک سے وفادار پایا ہے۔

FOLLOW US