اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کورونا وبا کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔پاکستان میں اس وقت کورونا وبا دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کنٹرول میں ہے اور یہاں اب تک کورونا کے باعث 3 لاکھ 14 ہزار 600 سے زائد افراد متاثر اور 6 ہزار 513 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا وبا کی صورت حال میں بہتری کے بعد اسکول، دفاتر، کاروباری مراکز اور شادی ہالز بھی کھل گئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔اب وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اللہ کی رحمت سے دوسرے ممالک کی نسبت ہم کورونا کے شدید خطرات سے بڑی حد تک محفوظ رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ کورونا وبا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے، لہذا عوام سے اپیل ہے کہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔