کوئٹہ(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 11اکتوبر کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کریگا، جلسے میں مسلم لیگ(ن) کے عہدیدار، کارکن ، کوئٹہ اور بلوچستان کے باشعور اور جمہوریت پسند عوام ،مسلم لیگ(ن) کے خیرخواہ اپنی بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں میں چاہتا ہوں کہ کوئٹہ کے جلسے میں مسلم لیگ(ن) واضح نظر آئے ۔ یہ بات انہوں نے لندن سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
میاں نواز شریف نے اتوار کو دونوں رہنمائوں سے خصوصی طور پر رابطہ کر کے 11اکتوبر کے جلسے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ہدایات دیں ۔ میاں نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11اکتوبر کوکوئٹہ کے جلسے میں مسلم لیگ(ن) اپنی بھر پور طاقت کا مظاہرہ کریگی اس حوالے سے پارٹی کے تمام عہدیدار ، کارکن ، خیر خواہ جلسے میں اپنی شرکت کو نہ صرف یقینی بنائیں بلکہ اپنی بھر پور تعداد بھی دیکھائیں تا کہ پاکستان کے عوام کو پیغام دیا جائے کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا دوسرا گھر ہے انہوں نے کہا کہ 11اکتوبر کے جلسے کی نگرانی بھی کرونگا اور چاہتا ہوں کہ جلسے میں مسلم لیگ(ن)واضح طور پر نظر آئے ۔ انہوں نے جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ اور جما ل شاہ کاکڑ کو ہدایت کی کہ وہ مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی بھر پور انداز میں جلسے میں شرکت کو یقینی بنائیں ۔اس موقع پر جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ اور جما ل شاہ کاکڑ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام 11اکتوبر کے جلسے میں بھر پور انداز میں شرکت کے یہ با ت ثابت کریں گے صوبے کی عوام مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہیں پارٹی کے صوبے بھر سے قافلے جلسے میں شریک ہونگے ۔