Monday January 20, 2025

ن لیگ کا لاہور میں احتجاجی مظاہرہ خواجہ سعد رفیق کے خطاب کے دوران اسٹیج گرگیا

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے مسلم لیگ ن کے احتجاج کے دوران اسٹیج گرگیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ریگل چوک میں ن لیگ کی طرف سے ان کی جماعت کے صدر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، جہاں پارٹی قائدین کی طرف سے مظاہرین سے خطاب کی غرض سے ایک ٹرک میں لکڑی کا اسٹیج بھی بنایا گیا تھا ، اس مظاہرے کے دوران جب مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا خطاب جاری تھا کہ ٹرک میں بنایا گیا لکڑی کا اسٹیج گرگیا ۔

بتایا گیا ہے کہ احتجاج میں حصہ لینے کے لیے عوام کی کثیر تعداد شریک تھی،جب کہ اس وقت اسٹیج پر خواجہ سعد رفیق، رانا مشہود اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما بھی موجود تھے، اس دوران چھوٹے ٹرک پربنایا گیا اسٹیج زیادہ رش کی وجہ سے گر گیا ۔ مظاہرے کے شرکا سے خطاب میں سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ، آپ لوگ باہر نکلیں گے تو یہ گیدڑ بھاگ جائیں گے ، ہم نے اپنی زندگیاں جمہوریت کے لیے قربان کیں، شہباز شریف نے جدید پنجاب اور نوازشریف نے جدید پاکستان کی بنیاد رکھی، جب کوئی راستہ نہ بچا تو اپوزیشن جماعتوں نے مل کر پی ڈی ایم بنائی، حکومت نے عوام کے لیے ایک بھی منصوبہ نہیں بنا یا، جب کہ ملک کی خدمت کرنے والوں کو بدنام کیا جارہا ہے،ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، آج ملک میں ہر طرف انتشار ہے، ساری اپوزیشن احتساب کےد روازے پر کھڑی کی ہوئی ہے ، ہمیں جیلوں میں ڈال کر اور جھوٹے مقدمے بنا کر کیا ملا؟ 2سال ہم نے اور قوم نے تمہیں برداشت کیا لیکن تم نے کام نہیں کیا، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے ہوش کے ناخن لیں ۔

FOLLOW US