اسلام آباد(نیوز ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ریکارڈ ٹیکس حاصل کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1 ہزار چار ارب روپے کے محصولات حاصل کیے ہیں۔ ایف بی آر کا رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی تک میں 970 بلین روپے کے محصولات جمع کرنے کا ہدف تھا لیکن ایف بی آر نے ریکارڈ 1004 ارب روپے کے محصولات جمع کیے ہیں۔
ایف بی آر نے رواں سیزن میں 34 ارب روپے کے اضافی محصولات حاصل کیے ہیں۔ ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں انکم ٹیکس کی مد میں 358 ارب روپے کے محصولات جمع کیے گئے۔ جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 426 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 56 ارب اور کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 164 ارب روپے کے محصولات جمع کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ایف بی آر نے کسی معاشی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1 ہزار ارب روپے سے زیادہ کا ٹیکس وصول کیا ہو۔ ایف بی آر کے مطابق اتنا ریونیو جمع کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔