Thursday November 28, 2024

پی آئی اے نے سعودی حکومت سے بڑی تعداد میں اضافی پروازوں کی اجازت مانگ لی

لاہور(ویب ڈیسک) پی آئی اے نے سعودی حکومت سے بڑی تعداد میں اضافی پروازوں کی اجازت مانگ لی، سعودی عرب کیلئے تمام فلائٹس بک ہو جانے کے بعد قومی ائیرلائن انتظامیہ کی جانب سے مزید 28 خصوصی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دینے کی درخواست۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے کرونا وائرس خدشات کے باعث 6 ماہ سے زائد عرصے تک بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت سے عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی جزوی طور پر ختم کی گئی ہے۔ پابندی کے خاتمے کے بعد پاکستان ائیرلائن نے بھی سعودی عرب کیلئے پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔

پی آئی اے نے ابتدائی طور پر سعودی عرب کیلئے 23 پروازیں آپریٹ کرنے کا اعلان کیا، جس کی تمام ٹکٹس بک ہو چکی ہیں ۔ پی آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب واپس جانے والے ویزہ ہولڈرز اتنے بے تاب ہیں کہ 17 ستمبر سے 30 ستمبر تک کی 23 پروازوں کی تمام ٹکٹیں ایک ہی روز میں فروخت ہو گئی ہیں۔ اب مسافروں کے رش دیکھتے ہوئے پی آئی اے نے مزید 28 پروازیں چلانے کی اجازت مانگ لی گئی ہے۔ امکان ہے کہ 21 یا 22 ستمبر سے پروازیں بڑھا دی جائیں گی جو کہ تقریباً نو ہزار مسافروں کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوں گی۔ اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب جانے والی پروازوں کے ٹکٹس پہلے آئیں پہلے پائیں کے تحت فروخت کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب سے سعودی عرب سے چھٹی پر آنے کے بعد کئی ماہ تک پاکستان میں پھنسے رہنے والے پاکستانی تارکیں وطن کا کہنا ہے کہ انہیں ٹکٹیں حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پی آئی اے کے دفاتر سے ٹکٹیں نہیں مل رہیں، جبکہ باہر ٹکٹوں کو بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ ان پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ نوکری بچانے کیلئے ان کا واپس جانا ضروری ہے، حکومت سے اپیل ہے کہ پی آئی اے کی ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت کا نوٹس لیا جائے، مناسب نرخ پر ٹکٹوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

FOLLOW US