Monday January 20, 2025

وزیراعلیٰ پنجاب کے پروٹوکول نے مریض کی جان لے لی

ملتان (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے پروٹوکول نے مریض کی جان لے لی، عثمان بزدار کی ملتان آمد پر نشتر ہسپتال روڈ 2 گھنٹے تک بند رہی، اس دوران ایک ایمبولنس میں ٹریفک میں پھنس گئی جس میں موجود مریض بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق تبدیلی کی دعویدار، سیاستدانوں اور حکمرانوں کے پروٹوکول ختم کرنے کی دعویدار تحریک انصاف کے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی وجہ سے ایک مریض کی جان چلی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جنوبی پنجاب کے شہر ملتان آمد ہوئی۔

اس دوران عثمان بزدار کو بھرپور پروٹوکول دیا گیا اور کئی شاہراہوں پر ٹریفک جام رہی۔ عثمان بزدار کے پروٹوکول کی وجہ سے نشتر ہسپتال روڈ جیسی اہم شاہراہ پر بھی 2 گھنٹے سے زائد ٹریفک جام رہی۔ اسی وجہ سے شاہراہ پر ایک ایمبولنس بھی پھنسی رہی جس میں نوجوان مریض موجود تھا۔ ٹریفک جام طویل ہو جانے کی وجہ سے مریض بروقت ہسپتال نہ پہنچ پایا اور ایمبولنس میں ہی انتقال کر گیا۔ مریض کے انتقال پر اس کے اہل خانہ نے احتجاجاً نشتر ہسپتال روڈ کو بلاک کر دیا۔ جبکہ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد عثمان بزدار، وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف کاروائی کی جائے۔

FOLLOW US