جدہ (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں جھگڑا کرنے والے 6 پاکستانیوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ان کی طرف سے 6 پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جوکہ جدہ کی سڑکوں پر ہونے والی ایک خونخوار لڑائی میں ملوث تھے جن کی وڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش رہی وڈیومیں سے نشاندہی کے بعد ان فراد کو حراست میں لیا گیا جن کی عمریں 30 سے 40سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، جن کی لڑائی کسی پرانے تنازع کے باعث ہوئی ۔
واضح رہے کہ لڑائی کا یہ واقعہ جدہ کے علاقے بابِ شریف میں پیش آیا تھا جہاں ایک درجن سے زائد پاکستانی کسی بات پر آپس میں گتھم گتھا ہو گئے ۔ ایک بازارکی پارکنگ کے باہر ہونے والے اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی ۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق پاکستانیوں کے دو گروپ میں کئی منٹ تک شدید لڑائی ہوئی جس دوران دونوں جانب سے ڈنڈے سوٹوں، لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ اس جھگڑے کے دوران کئی پاکستانی لہو لہان ہو گئے۔ سڑک پر سے گزرنے والے کئی راہگیروں اور کار سواروں نے ان کی لڑائی چھُڑوانے کی کوشش کی مگر ان مشتعل پاکستانیوں کے خطرناک تیور دیکھ کر وہ بھی کچھ نہ کر سکے اورپھر وہیں چپ چاپ کھڑے تماشا دیکھتے رہے۔ قریب ہی موجود کسی شخص نے اس پُرتشدد واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پرپوسٹ کر دی ہے۔جدہ میں پاکستانیوں کی اس خونخوار لڑائی پرسوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے سخت ردِعمل ظاہر کیا گیا ہے۔
سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ان پاکستانیوں کی دُنیا بھر میں اپنے وطن کی جگ ہنسائی کرا دی ہے۔ ان کی وحشیانہ انداز کی لڑائی اور جنونی حملوں کے دوران ایک دوسرے کا خون بہانے سے سعودی عوام اور دیگر غیر ملکیوں کا ہمارے بارے میں کتنا غلط تاثر بنے گا۔ سوشل میڈیا صارفین نے مطالبہ کیا کہ اس جھگڑے میں ملوث تمام پاکستانیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح یوں سرعام سعودی سڑکوں کا جنگ کا میدان بنانے کی کوئی بھی ہمت نہ کرے۔