Thursday March 28, 2024

ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ 11 سالہ بچی شہید۔ پاک فوج کا منہ توڑ جواب

راولپنڈی (ویب ڈیسک) بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے 11 سالہ بچی شہید، اور4 شہری زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق زخمیوں میں 75سالہ بزرگ خاتون اور 2نوجوان شامل ہیں، بھارتی فوج کی طرف سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ پاک فوج نے موثر جواب دیتے ہوئے جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے 70 سالہ خاتون زخمی ہوگئی تھی، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی بندوقوں کو خاموش کروا دیا، بھارتی فوج نے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک 70 سالہ خاتون زخمی ہو گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے سیکٹر سبز کوٹ پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی گنوں کو خاموش کرا دیا۔ واضح رہے کہ بھارتی بزدل افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ اس سے قبل ایل او سی کے تتہ پانی سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے فتح پور گاؤں کی 18 سالہ لڑکی شہید جبکہ 6 شہری زخمی ہو گئے تھے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ قبل ازیں ایک اور کارروائی میں پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرایا، بھارت کا کواڈ کاپٹر چکھوٹی سیکٹر پر 500 میٹر پاکستانی حدود میں گھس آیا تھا، اب تک بھارت کے 11 جاسوس ڈرون مار گرائے جا چکے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی حدود میں بھارتی فوج کی جاسوسی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی۔
بتایا گیا کہ بدھ کے روز پاک فوج نے ایل او سی کے چکوٹھی سیکٹر پر کاروائی کرتے ہوئے بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں 500 میٹر تک اندر آ گیا تھا، جب پاک فوج نے کاروائی کرتے ہوئے اسےت مار گرایا۔ اس سے قبل بھی پاک فوج نے بھارت کے 10 جاسوسی ڈرون مار گرائے ہیں۔ یہ بھارت کا 11واں جاسوس ڈرون تھا جسے مار گرایا گیا۔

FOLLOW US