Thursday November 28, 2024

مون سون کا نیا سسٹم سندھ میں داخل، کراچی میں دوبارہ طوفانی بارش ہونے کی پیشن گوئی

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش کی پیشنگوئی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مون سون کی ہوا کے کم دباؤ کے باعث مون سون کا نیا سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہوگیا ہے، اسی سسٹم کی وجہ سے کراچی میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ مون سون کی ہوا کا کم دباؤ بھارتی شہروں ممبئی اور گجرات کی جانب موجود ہے جبکہ مون سون کا ایک نیا سسٹم سندھ میں داخل ہوگیا ہے

جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 13 ستمبر کی شام کو کراچی میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے۔ شدید بارش کی پیشنگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ہے کہ شہر میں بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ یہاں خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کے پاس کراچی کی بارشوں کا 89 سال کا ریکارڈ موجود ہے، اس ریکارڈ کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ 89 سال کے دوران کبھی اتنی بارش نہیں ہوئی جتنی سال 2020 میں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم خیبرپختونخوا، سندھ اور مکران کی ساحلی پٹی میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں44، سبی 42 اور بہاولنگر میں 41 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

FOLLOW US