Monday January 20, 2025

اغوا ہونے والے ایس ای سی پی افسر ساجد گوندل بازیاب ہوگئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایس ای سی پی افسر ساجد گوندل بازیاب ہوگئے، اغوا کاروں نے اغوا کیے گئے افسر کو رہا کر دیا، وزیراعظم نے منگل کے روز معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ای سی پی افسر ساجد گوندل بازیاب ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے اغوا کیے جانے والے افسر ساجد گوندل کو منگل کی شب اغوا کاروں نے رہا کر دیا۔ ساجد گوندل کچھ دیر میں اپنے گھر پہنچ جائیں گے۔ اس سے قبل منگل کے روز وزیراعظم عمران خان نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے افسر کے مبینہ اغوا کی تحقیقات کے لیے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی سربراہی میں 3 رکنی کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی ساجد گوندل کے اغوا پر تحقیقات کر کے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ جبکہ گزشتہ روز چیئرمین لاپتہ افراد کمیشن جاوید اقبال نے بھی ساجد گوندل کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیا تھا۔ ساجد گوندل کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ وہ جمعرات کی شام سے لاپتہ ہیں۔ اسلام آباد پولیس کو ان کی سرکاری گاڑی جمعہ کی صبح وفاقی دارالحکومت کے علاقے شہزاد ٹاﺅن میں واقع زرعی تحتقیقاتی مرکز کے باہر سے ملی تھی۔ اس تمام معاملے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ساجد گوندل کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے رکھا ہے۔

FOLLOW US