اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے اسلام آباد میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ریڈیو پاکستان کے مطابق جمعے کو ہونے والی اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔نواف سعید المالکی اور سینیٹر فیصل جاوید کے درمیان ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ’سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ پر نشر کرنے کے لیے پاکستانی فلموں اور ڈراموں کا عربی زبان میں ترجمہ کیا جائے گا۔‘سینیٹر فیصل جاوید نے کہا
کہ ثقافتی تعاون دونوں برادر ملکوں کے عوام کے درمیان روابط کو بہتر بنائے گا۔سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ ’ملکی سیاحت کی صنعت کی ترقی کے لیے پاکستان کے خوبصورت چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔‘خیال رہے کہ چند دن پہلے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی تھی۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوران ملاقات پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات مذہبی اخوت و تعاون کے مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔