کراچی(ویب ڈیسک)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی سے دہشت گردوں کا راج ختم کر دیا ، اب شہر کی ترقی پر کام کریں گے،جب تک نیا گھر نہیں دیں گے کسی کا گھر نہیں توڑیں گے،عوام کا ساتھ ملا تو وفاق سے این ایف سی ایوارڈ بھی چھین کر رہیں گے، وزیر اعظم کم از کم سندھ حکومت کے 800ارب کے برابر گرانٹ کا اعلان کرتے، وزیراعظم کو فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔ اتوار کوبلاول بھٹو زرداری کراچی میں کے علاقے ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی پر پہنچے جہاں کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ اور بھنگڑے ڈال کر پارٹی چیئرمین کا استقبال کیا۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 100سال بعد اتنی زیادہ بارش ہوئی اور بڑی تعداد میں شہری متاثر ہوئے، بارش کے باعث جو لوگ متاثر ہوئے ان کا خیال رکھنا پڑے گا، ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے شہریوں کو نقصان پہنچا مگر آج آپ کے درمیان وزیر اعلی اور وزیر بلدیات لے کر آیا ہوں جو عوام کی خدمت کریں گے، بارش کے متاثرین کا خیال رکھنا پڑے گا اور گرین لائن کی وجہ سے جو برساتی نالوں کو نقصان پہنچا ہے اس مسئلے کو حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہمارا ساتھ دیتے ہیں تو وفاق سے این ایف سی ایوارڈ بھی چھین کر رہیں گے،کراچی کا جو پیسہ موجود ہے، سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے کہ وہ پیسہ ہمیں کراچی کے عوام پر خرچ کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے دہشت گردوں کا راج ختم کر دیا ہے، اب شہر کی ترقی پر کام ہو گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نالوں کو صاف کریں گے مگر انصاف کے ساتھ صاف کریں گے، نالوں کی صفائی کے دوران کسی کا گھر نہیں توڑیں گے، اگر کسی کا گھر توڑیں گے تو پہلے اسے متبادل گھر فراہم کریں گے۔بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور کو فون کیا، انھوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کے عہدے دار اور کارکن سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں۔بلاول کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جائے، 2010اور 2011کے سیلاب زدگان کی وطن کارڈ سے مدد کی گئی تھی، وفاق بھی اسی طرز پر سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرے۔