اسلام آباد( نیوز ڈیسک) جیسے جیسے انتخابات کا وقت قریب ہوتا جارہا ہے ویسے ویسے تحریک انصاف پوری طرح متحرک دکھائی دے رہی ہے۔ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی میں اپنی حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف قیادت پوری طرح متحرک ہے اور دھڑا دھڑ شمولیتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گلگت بلتستان کی معروف سیاسی شخصیت و سابق ایم ایل اے وزیر حسن نے چیف آرگنائزر پاکستان تحریکِ انصاف سیف اللہ خان نیازی سے پارٹی آفس میں ملاقات کی ، ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،
ملاقات میں وزیر حسن نے پاکستان تحریکِ انصاف کے منشور اور چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل گروپ کے ہمراہ پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے وزیر حسن کو پارٹی مفلر پہنایا اور خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وزیر حسن کا کہنا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف مشکل وقت سے گزر چکے ہیں بہہت جلد پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، ہمیں یقین ہے کہ تحریک انصاف ہی گلگت بلتستان کی دیرینہ مسائل کو حل کر سکتی ہے۔