Monday May 20, 2024

نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور(ویب ڈیسک) لاہور کی احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ، وزارت خارجہ کوپاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ پر عمل درآمد کروانے کاحکم دے دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور کی احتساب عدالت کے جج اسد علی نے نواز شریف سمیت دیگر کیخلاف غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی ، ماڈل ٹاؤن تھانہ کے انسپکٹر بشیر احمد نے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں کہا گیا کہ نواز شریف ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر موجود نہیں ہیں اور مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری عطاء تارڑ نے نواز شریف کے بیرون ملک ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ نواز شریف کی رائیونڈ رہائشگاہ پر انکے سیکریٹری نے کہا کہ نواز شریف 6 ماہ سے بیرون ملک ہیں ۔

ریفرنس کی سماعت کے موقع پر احتساب عدالت میں نیب کی طرف سےاسپیشل پراسکیوٹر حارث قریشی پیش ہوئے ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں اور میر شکیل کیخلاف فرد جرم عائد کر کے ٹرائل جلد شروع کیا جائے ۔ جس پر احتساب عدالت کی طرف سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ۔ اور اس سلسلے میں احتساب عدالت نے وزارت خارجہ کو لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ پر عمل درآمد کروانے کا حکم بھی جاری کردیا ۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اس وقت علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں، 11جون 2020 کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں بھی سابق وزیراعظم کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے بھی سابق وزیراعظم نوازشریف کو سرنڈر کرتے ہوئے 10ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے ۔

FOLLOW US