لاہور(ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ سے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی چودھری شاہد اکرم بھنڈر اور آزاد امیدوار چودھری ولید اکرم بھنڈر نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری پنجاب مسلم لیگ سینیٹر کامل علی آغا اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے شاہد اکرم بھنڈر کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمارے دروازے تمام محب وطن اور عوام کا درد رکھنے والوں کیلئے کھلے ہیں،
ملک کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اگر عوام کی خدمت سمجھ کر کی جائے تو اس سے بڑھ کر انسانیت کی کوئی خدمت نہیں۔ تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر شاہد اکرم بھنڈر نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ ہمارے پرانے خاندانی مراسم ہیں، جب بھی چودھری صاحبان سے ملتے ہیں تو محبت اور اپنائیت کا احساس ہوتا ہے، پی ٹی آئی میں اقربا پروری کا راج ہے، حلقہ کی عوام اپنے کاموں کے متعلق پوچھتے ہیں تو سامنا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی ہماری جو بھی ڈیوٹی لگائیں گے ہم اس پر پورا اتریں گے۔