Sunday January 19, 2025

تبدیلی سرکار کا ایک اور کارنامہ ۔۔۔ ٹول ٹیکس پر کتنے فیصد اضافہ کر دیا گیا؟ جان کرآپ بھی گاڑی سوچ سمجھ کر ہی نکالیں گے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایک بار پھر ٹول ٹیکس میں 10% اضافہ کر دیا گیا، اسلام آباد لاہور موٹروے کا ٹول ٹیکس 750 سے بڑھا کر 830 روپے کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ایک بار پھر ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔اس بار ٹول ٹیکس میں دس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔جس کے بعد لوگوں کو لاہور سے اسلام آباد ٹول ٹیکس 830 روپے دینا پڑیں گے۔ٹول ٹیکس میں اضافہ 26 اگست 2020 سے کیا گیا ہے۔لاہور اسلام آباد موٹروے ٹول ٹیکس میں 10فیصد اضافے کا نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکشن کے مطابق اسلام آباد لاہور موٹروے کا ٹول ٹیکس 750 سے بڑھا کر 830 روپے کیا گیا ہے۔لاہور اسلام آباد بس کا ٹول ٹیکس 2510 سے بڑھا کر 2770روپے کر دیا گیا۔10 فروری2020ء کو دئیے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں آخری بار اضافہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں 2018ء میں ہوا‘ ہم نے ٹول ٹیکس بڑھائے بغیر 27 ارب 97 کروڑ روپے کا زائد ریونیو اکٹھا کیا‘ ہر سال دس فیصد ٹول ٹیکس بڑھانے کا معاہدہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوا۔قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران چوہدری محمد برجیس طاہر کے سوال کے جواب میں مراد سعید نے بتایا کہ ٹول ٹیکس میں اضافہ تین سال کے لئے کیا جاتا ہے تاہم ضرورت پڑنے پر اس میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ ہمارے دور میں قومی ٹیکس میں اضافہ نہیں ہوا۔ آخری بار ٹول ٹیکس اضافہ جولائی 2018ء میں ہوا، 2014ء میں موٹروے پر ہر سال ٹول ٹیکس میں دس فیصد اضافہ کا معاہدہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوا، ہمارے دور میں 27 ارب 97 کروڑ روپے کا زائد ریونیو جمع کیا گیا۔ ہمارے دور میں ٹول نہیں بڑھا ہے۔ ججز‘ سیکیورٹی ایجنسی‘ ایمبولینس‘ 1122 کی گاڑیاں ٹول ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔

FOLLOW US